Thursday, July 23, 2015

اب آپ گوگل کر کے بھی اپنا فون تلاش کر سکتے ہیں

اب آپ گوگل کر کے بھی اپنا فون تلاش کر سکتے ہیں
یقیناً آپ کو ’’اینڈروئیڈ ڈیوائس منیجر‘‘ سروس یاد ہو گی۔ گوگل کی جانب سے یہ سروس 2013 میں متعارف کرائی گئی تھی تاکہ اس کی مدد سے آپ اپنے اینڈروئیڈ فون کو تلاش کرسکیں اور اس میں موجود اپنا تمام ذاتی ڈیٹا حذف کر سکیں:
google.com/android/devicemanager
اس سروس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو اپنا جی میل اکاؤنٹ فون میں شامل رکھنا ہوتا ہے۔ چند دن پہلے گوگل نے ’’فائنڈ مائی فون‘‘ کے نام سے ایک اور دلچسپ سروس متعارف کرائی ہے۔ ویسے تو آپ نے دیکھا ہو گا کہ گوگل کے بارے میں عام مشہور ہے کہ وہ سب کچھ ڈھونڈ سکتا ہے۔ دنیابھر کی معلومات کے علاوہ اب تو گوگل سے کسی کی عمر، وزن یا قد پوچھیں تو وہ بھی بتا دیتا ہے۔ سارا دن مختلف چیزیں تو ہم گوگل پر تلاش کرتے ہی رہتے ہیں اب آپ گوگل پر اپنا فون بھی تلاش کر سکتے ہیں اور وہ بھی بے حد آسانی کے ساتھ۔ اس کے لیے آپ کو گوگل میں بس یہ ٹائپ کرنا ہے:
find my phone
لیکن گوگل کے کام کرنے کے لیے چند چیزیں درکار ہوتی ہیں۔ اب بھلا گوگل کو کیسے پتا چلے گا آپ کا فون کون سا ہے اور کہاں موجود ہے؟
تو اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ براؤزر میں اسی جی میل اکاؤنٹ سے لاگ ان ہوں جو آپ کے فون میں موجود ہو۔ بلکہ لاگ اِن ہونے کے باوجود ایک دفعہ پھر تصدیق کرنے کے لیے لاگ اِن کرنے کا کہا جائے گا۔
Google-Find-My-Phone-03
اس کے علاوہ فون پر انٹرنیٹ کا چل رہا ہونا بھی ضروری ہے ورنہ گوگل کے پاس جو آخری معلومات ہو گی وہ فراہم کر دے گا۔ یہ بھی انتہائی ضروری ہے کہ فون پر لوکیشن سروس فعال ہو، ورنہ اس کا مقام جاننا مشکل ہو جائے گا۔
Google-Find-My-Phone-01

درست لاگ اِن کرتے ہی نقشے پر آپ کے فون کا مقام دکھا دیا جائے گا۔ یہی نہیں یہاں فون پر Ring بجانے کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔ اگر آپ اپنا فون تلاش کر رہے ہیں تو اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے فون کی رنگ ٹون بھی بجا سکتے ہیں۔
Google-Find-My-Phone-02
اینڈروئیڈ ڈیوائس منیجر کی طرح یہاں سے آپ اپنے فون کا ڈیٹا حذف نہیں کر سکتے ، اس کے لیے اینڈروئیڈ ڈیوائس منیجر ہی کی طرف جانا ہو گا۔ البتہ اسے فوری تلاش کے آپشن کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ اس میں اینڈروئیڈ ڈیوائس منیجر کی طرح کی کوئی ایکٹی ویشن درکار نہیں ہوتی

Tuesday, July 21, 2015

اپنا گم شدہ فون ڈھونڈیں

اپنا گم شدہ فون ڈھونڈیں، لاک کریں اور اپنا ڈیٹا حذف کریں
یقیناً آپ کو اپنا قیمتی اسمارٹ فون بہت پیارا ہو گا، تو اس کی حفاظت کے لیے اس میں کوئی سکیوریٹی پروگرام ضرور انسٹال رکھیں اس حوالے سے ہم ایک بہترین پروگرام کا پہلے بھی تذکرہ کر چکے ہیں:
گم شدہ فون، ٹیبلٹ یا لیپ ٹاپ کا کیسے سراغ لگائیں
اگرچہ آج کل تقریباً تمام اسمارٹ فونزمیں Anti theft ایپلی کیشن یا فیچر پہلے سے موجودہوتا ہے، جس کی بدولت فون گم ہو جانے کی صورت میں اس میں موجود ذاتی ڈیٹا صاف کیا جا سکتا ہے۔ لیکن یہ پہلے سے موجود ایپلی کیشنز بہت سادہ سی ہوتی ہیں یعنی زیادہ چالاک نہیں ہوتیں۔ کیسپرس کی جو کہ ایک معروف اینٹی وائرس بنانے والی کمپنی ہے، کی جانب سے ایک نئی زبردست ایپلی کیشن ’’کیسپرس کی فاؤنڈ‘‘ (Kaspersky Phound) متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ ایپلی کیشن فی الحال صرف اینڈروئیڈ کے لیے ہے۔
Kaspersky Phound-04
اگر آپ یہ ایپلی کیشن انسٹال کر لیں تو فون گم ہونے کی صورت میں اس کا مقام جان سکتے ہیں، اس میں موجود تمام ڈیٹا حذف کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر فون قریب ہی میں موجود ہو اور نہ مل رہا ہو تو الارم بجا سکتے ہیں اور تو اور فون چوری کرنے والے ’’خوش نصیب‘‘ کی سیلفی بھی بنا سکتے ہیں۔
Kaspersky Phound-03
’’کیسپرس کی فاؤنڈ‘‘ کو اسمارٹ فون پر انسٹال کرنے کے بعد آپ کو اس میں اپنی ’’کیسپرس کی‘‘ کی آئی ڈی سے لاگ اِن ہونا پڑتا ہے۔ یقیناً آپ کے پاس یہ اکاؤنٹ موجود نہیں ہو گا اس لیے اکاؤنٹ بنانے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کیجیے:
Kaspersky Phound-02
اکاؤنٹ بناتے وقت اپنا درست ای میل ایڈریس لکھیں، کیونکہ اکاؤنٹ کو فعال بنانے کا لنک بذریعہ ای میل ارسال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ فون کو اَن لاک کرنے کا کوڈ بھی ای میل میں ہی موصول ہو گا۔
ایپلی کیشن میں اپنے اکاؤنٹ سے سائن ان کرتے ہی آپ کا کام مکمل ہو جاتا ہے۔ اب اگر خدانخواستہ کبھی آپ کا فون گم ہو جائے تو اسی اوپر بتائی گئی ویب سائٹ پر جائیں اور اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہو جائیں۔ اب یہاں آپ سارے آپشنز استعمال کر سکتے ہیں۔ مثلاً اگر آپ چاہتے ہیں کہ فون لاک کر دیا جائے تو فون پر انٹرنیٹ دستیاب ہوتے ہی فون لاک ہو جائے گا۔ فون اب صرف آپ کے پاس موجود کوڈ سے اَن لاک ہو گا۔
اگر آپ فون میں موجود اپنا ڈیٹا حذف کرنا چاہیں تو اس کا حکم نامہ بھی ارسال کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ایپلی کیشن میں Mugshot کا آپشن بھی موجود ہے۔ یہ آپشن فون استعمال کرنے والے کی چپکے سے تصویر بنا کر آپ کو بھیج دیتا ہے

Monday, July 20, 2015

اردو پوائنٹی

ایک پاکستانی آسمان پر چڑھ گیا
اردو پوائنٹ


Friday, June 26, 2015

CorelDRAW میں آبجیکٹ کی شکل کے مطابق عبارت لکھیں

CorelDRAW میں آبجیکٹ کی شکل کے اعتبار سے عبارت لکھی جا سکتی ہے۔ Text ٹول کی مدد سے آپ کسی بھی ویکٹر آبجیکٹ کو ٹیکسٹ ایریا میں تبدیل کر کے اس کے ڈیزائن کے مطابق عبارت لکھ سکتے ہیں۔ اس ٹٹوریل میں پہلے ایک دائرے کو ٹیکسٹ ایریا بنا کر اس میں مطلوبہ عبارت لکھی گئی ہے، پھر ایک انگلش حرف کو ویکٹر آبجیکٹ میں تبدیل کرنے کے بعد اسے ٹیکسٹ ایریا کے طور پر استعمال کیا گیا ہے، اور پھر Freehand ٹول کی مدد سے ایک خود ساختہ شکل بنانے کے بعد اسے ٹیکسٹ ایریا میں تبدیل کر کے اس میں عبارت لکھی گئی ہے۔ آئیں ان تینوں طریقوں کا استعمال دیکھتے ہیں۔

ٹول بار سے Ellipse ٹول منتخب کر کے ماؤس کے ساتھ ایک دائرہ بنائیں۔ پھر Text ٹول منتخب کر کے ماؤس کا پوائنٹر دائرے کے ایک کنارے کے قریب لائیں۔ جیسے ہی پوائنٹر درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق تبدیل ہو، کلک کر دیں۔ یوں یہ دائرہ ایک ٹیکسٹ ایریا میں تبدیل ہو جائے گا جس میں آپ دائرے کی شکل کے مطابق لکھ سکیں گے۔
پہلے ایلپس ٹول کی مدد سے ایک دائرہ بنائیں، پھر ٹیکسٹ ٹول کی مدد سے دائرے کو ٹیکسٹ ایریا میں تبدیل کریں

ضروری نہیں کہ آپ جو عبارت لکھیں وہ دائرے میں بالکل فٹ آجائے۔ اس کے لیے Text مینیو میں سے Paragraph Formatting والا پینل کھولیں۔ پھر Full Justify آپشن کی مدد سے عبارت کو دونوں طرف سے برابر کریں۔ اور Line Spacing والے آپشن کی مدد سے سطروں کے درمیان مناسب فاصلہ مقرر کر کے عبارت کو دائرے کی شکل کے مطابق ڈھال لیں۔
پیراگراف فارمیٹنگ پینل کی مدد سے لکھائی کو پینل میں بہتر طریقے سے فٹ کریں

اسی طرح اگر آپ انگریزی کے کسی حرف کے مطابق لکھائی لکھنا چاہیں تو پہلے Text ٹول کی مدد سے مطلوبہ حرف لکھ کر اس کے لیے مناسب فونٹ اور اس کا سائز مقرر کریں۔ پھر Arrange مینیو میں سے Convert To Curves آپشن کی مدد سے اس حرف کو ویکٹر آبجیکٹ میں تبدیل کریں۔ اب دائیں طرف موجود رنگوں کے خانوں میں سب سے اوپر موجود X والے خانے پر کلک کر کے اس حرف کا بیک گراؤنڈ رنگ ختم کریں۔ اور پھر کسی رنگ پر رائٹ کلک کر کے حرف کے لیے آؤٹ لائن کا رنگ منتخب کریں۔
مطلوبہ حرف لکھ کر اسے ویکٹر آبجیکٹ میں تبدیل کریں، پھر اس کی بیک گراؤنڈ کا رنگ ختم کر کے آؤٹ لائن دکھائیں

اب اس حرف کو آپ Text ٹول کی مدد سے ٹیکسٹ ایریا میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
انگلش حرف کی شکل کے مطابق لکھی گئی عبارت

اگر آپ اپنی مرضی کی کوئی شکل تیار کرنا چاہیں تو ٹول بار سے Freehand ٹول منتخب کریں۔ پھر ماؤس کے ساتھ سنگل کلک کر کے اسکرین پر مطلوبہ شکل بنانا شروع کر دیں۔ لیکن جس جگہ پر آپ کلک کر کے شروع کریں، وہیں پر کلک کر کے ختم کریں۔ ایسا کرنے سے یہ آبجیکٹ سب طرف سے بند ہو جائے گا۔ آخر میں Text ٹول کی مدد سے اس آبجیکٹ کو ٹیکسٹ ایریا میں تبدیل کر لیں۔
فری ہینڈ ٹول کی مدد سے مطلوبہ شکل بنائیں

اگر آپ اس عبارت کو اس کے آبجیکٹ سے الگ کرنا چاہیں تو ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کر کے کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ کوئی چیز سلیکشن میں نہ رہے۔ پھر نئے سرے سے آبجیکٹ کو سلیکٹ کریں۔ اور پھر Arrange مینیو میں سے Break Text Apart والا آپشن منتخب کریں۔
ارینج مینیو میں سے بریک اپارٹ آپشن کی مدد سے عبارت کو آبجیکٹ سے الگ کریں

عبارت آبجیکٹ سے الگ ہو چکی ہے۔ اب پہلے کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ کچھ بھی سلیکشن میں نہ رہے۔ اور پھر نئے سرے سے ماؤس کے ساتھ ٹیکسٹ کو ڈریگ کر کے الگ کر لیں۔
عبارت آبجیکٹ سے الگ ہونے کے بعد

فیس بک ویڈیو بغیر کسی سافٹ ویئر کے ڈاون لوڈ کریں

آج کل زیادہ تر وڈیو شیئرنگ کا کام فیس بک پر ہو رہا ہے۔ بلکہ ایسا لگتا ہے فیس بک تو دلچسپ وڈیوز اور تصویر کی شیئرنگ کے لیے بنایا گیا ہے۔ دن بھر ہم مزاحیہ، معلوماتی اور گانوں سے لے کر ہر طرح کی وڈیوز فیس بک پر شیئر کرتے اور دوسروں کی شیئر کردہ وڈیوز دیکھتے رہتے ہیں۔
اکثر وڈیوز پسند آجاتی ہیں ا ور ہم انھیں ڈاؤن لوڈ کرنا چاہتے ہیں تاکہ آف لائن بھی انھیں باآسانی جب چاہیں دیکھا جا سکے۔ اس کام کے لیے یقیناً آپ نے کئی پروگرامز استعمال کیے ہوں گے لیکن آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ فیس بک وڈیوز کو کیسے بنا کسی سافٹ ویئر کے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ حتیٰ کہ آپ کو کسی قسم کے پلگ اِن کی بھی ضرورت نہیں۔ یہ ٹپ بہت ہی سادہ ہے اور اسے ہم نے گوگل کروم پر آزمایابھی ہے۔ اس کے ذریعے ہم نے نہایت ہی آسانی اور کامیابی کے ساتھ فیس بک سے وڈیو ڈاؤن لوڈ کی۔

سب سے پہلے تو وڈیو منتخب کریں جسے آپ ڈاؤن لوڈ کرنا چاہتے ہوں اور اسے گوگل کروم کے نئے ٹیب میں کھول لیں۔
اب ہمیں اس وڈیو کے url میں کچھ ترمیم کرنی ہے۔ فرض کرتے ہیں وڈیو کا یورآر ایل یہ ہے:
https://www.facebook.com/video

اس یوآر ایل کو بدل کر موبائل ورژن کرنا ہو گا۔ اس کے لیے www کو m سے بدل دیں۔ یعنی ہمارا یوآر ایل کچھ اس طرح بن جائے گا:
https://m.facebook.com/video

اب جیسے ہی یوآریل کو بدل کر آپ انٹر پریس کریں گے فیس بک کا موبائل ورژن آپ کے سامنے ہو گا۔ اب وڈیو کو play کر دیں۔ کم از کم پانچ سے دس سیکنڈز اسے چلنے دیں۔ اس کے بعد وڈیو کے اوپر رائٹ کلک کریں تو کھلنے والے مینو میں “Save video as…” کا آپشن بھی موجود ہو گا۔ اس پر کلک کر کے آپ باآسانی وڈیو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔