Friday, August 12, 2016

Inpage میں بلٹس اور نمبرز والی فہرست بنائیں

میرے پاس Inpage 2000 ہے اور میرے خیال میں اس وقت بھی ان پیج کا یہی ورژن زیادہ تر لوگوں کے زیر استعمال ہے۔ ان پیج کے تمام مینیوز بار بار دیکھنے کے باوجود مجھے کہیں بھی Bullets and Numbering والا آپشن نظر نہیں آیا جو کہ ورڈ پراسیسنگ کے ہر سافٹ ویئر میں موجود ہوتا ہے۔ چنانچہ میں نے Indentation استعمال کرتے ہوئے ایسی فہرست تیار کی ہے جس کے لیے بلٹس یا نمبرز خود مہیا کرنا پڑتے ہیں۔ لیکن عبارت کے دائیں طرف موجود فاصلے کی وجہ سے یہ فہرست دیکھنے میں ویسے ہی نظر آتی ہے جیسا کہ اس کے لیے بلٹس اینڈ نمبرنگ والا آپشن استعمال کیا گیا ہو۔
پراپرٹی بار پر موجود اس بٹن پر کلک کریں جس کی مدد سے عبارت کے دائیں اور بائیں فاصلہ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
ان پیج کی آپشن بار پر وہ بٹن کلک کریں جس کے ذریعے عبارت کی انڈینٹیشن مقرر کی جا سکتی ہے

درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پیراگراف کی پہلی لائن کے شروع میں 0.15- انچ کا فاصلہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عبارت کے دائیں طرف 0.15 انچ کا فاصلہ مقرر کیا گیا ہے۔
عبارت کی پہلی لائن اور دائیں طرف کی انڈینٹیشن مقرر کریں

پہلی لائن کے شروع میں فاصلہ چونکہ منفی میں ہے اس لیے پہلی لائن تھوڑی سی پیچھے ہٹی ہوئی ہے۔ عبارت کے شروع میں جو نمبر موجود ہے وہ میں نے خود لکھا ہے، اور اس نمبر کے بعد ایک Tab کا فاصلہ استعمال کیا ہے۔ ان پیج میں ایک ستارے کا نشان بھی مہیا کیا گیا ہے جسے بلٹس کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
عبارت انڈینٹیشن کے بعد

یہ کوئی ایسا با سہولت طریقہ نہیں ہے، لیکن اگر ایسی فہرست بنانا اشد ضروری ہو تو یہ طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ (یا ممکن ہے ایسی فہرست کا طریقہ ان پیج کے کسی دوسرے آپشن کے تحت موجود ہو جس کا میں سراغ نہیں لگا سکا)۔

Wednesday, August 10, 2016

Inpage میں کی بورڈ کے بٹنوں کی ترتیب تبدیل کریں

Inpage میں کام کرتے ہوئے بعض اوقات آپ چاہتے ہیں کہ کی بورڈ کے کچھ بٹن تبدیل کیے جائیں، مثلاً یہ کہ ش کا حرف Shift+c دبانے سے نہیں بلکہ Shift+s دبانے سے لکھا جائے۔ اردو حروف کو انگلش بٹنوں کے ساتھ ٹائپ کرنے کے لیے ان پیج کے اندر کی بورڈ تبدیل کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ یعنی کونسا اردو حرف کس انگلش بٹن دبانے سے لکھا جائے، یہ آپ اپنی مرضی سے سیٹ کر سکتے ہیں۔ آئیں تصاویر کی مدد سے اس کا طریقہ دیکھتے ہیں۔
درج ذیل تصویر کی مدد سے وہ ڈائیلاگ باکس کھولیں جس میں سے Keyboard Layout منتخب کیا جا سکتا ہے:

Inpage Screenshot - Edit > Preferences > Keyboard Preferences

درج ذیل تصویر کی مدد سے ڈائیلاگ باکس میں موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے User Defined Keyboard منتخب کریں، جس کے بٹن حسب منشا تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔
Inpage Screenshot - Select and Click "User Defined Keyboard"

درج ذیل تصویر میں جو ڈائیلاگ باکس آپ دیکھ رہے ہیں یہ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نیچے والے حصے میں وہ تمام حروف اور علامات موجود ہیں جو ان پیج کے اندر استعمال کے لیے دستیاب ہیں۔ جبکہ اوپر والا حصہ یہ بتاتا ہے کہ کی بورڈ پر کونسا انگلش بٹن دبانے سے کونسا اردو حرف لکھا جائے گا۔ ان بٹنوں کو حسب ضرورت تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے آپ نیچے والے حصے میں موجود کسی بھی اردو حرف یا علامت کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر اوپر والے حصے میں کسی انگلش بٹن کے اوپر چھوڑ دیں۔ اگر آپ اردو کا کوئی حرف انگلش کے بڑے حرف (Capital letter) پر رکھیں گے تو یہ حرف Shift بٹن کے ساتھ دبانے سے لکھا جائے گا۔ یعنی مہیا کی گئی تصویر کے مطابق ’’د‘‘ کا حرف کی بورڈ پر صرف d دبانے سے لکھا جائے گا، جبکہ ’’ڈ‘‘ کا حرف Shift+d دبانے سے لکھا جائے گا۔ جب آپ کی بورڈ کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھال لیں تو Save بٹن پر کلک کر کے یہ کی بورڈ لے آؤٹ محفوظ کر لیں۔ اب آپ Inpage کے اندر ٹائپنگ کر کے تسلی کر لیں کہ اُردو کے حروف آپ کی مرضی کے انگلش بٹنوں کے ساتھ لکھے جا رہے ہیں۔
Inpage Screenshot - Drag Urdu letters to desired English buttons

نوٹ: چونکہ اردو حروف کی تعداد انگلش حروف سے زیادہ ہے، اس لیے اردو کے جو حروف انگلش کے 26 بٹنوں سے زائد ہوتے ہیں، انہیں Shift بٹن کے ساتھ لکھا جاتا ہے۔

Tuesday, August 9, 2016

Inpage میں اخباری سرخی بنائیں

اخبارات میں سرخیوں کے الفاظ کی ترتیب خاص طور پر سیٹ کی جاتی ہے تاکہ کم جگہ پر زیادہ الفاظ کھپائے جا سکیں۔ الفاظ کا آپس میں فاصلہ بہت کم ہوتا ہے، اور حروف کو ایک دوسرے کے اوپر اس طرح سیٹ کیا جاتا ہے کہ کوئی جگہ خالی نہ رہے۔ اخبارات کی بہت سی چھوٹی سرخیاں ایسی ہوتی ہیں جن کی عبارت پر آؤٹ لائن کا ایفیکٹ نہیں لگایا جاتا، بلکہ انہیں صرف ریورس کرنے پر ہی اکتفا کیا جاتا ہے۔ یعنی سیاہ یا سرمئی بیک گراؤنڈ پر سفید الفاظ لکھے جاتے ہیں۔
Inpage میں ایسی اخباری سرخیاں بنانے کی سہولت موجود ہے۔ ان پیج میں اخباری سرخی کی طرح عبارت کی ترتیب بھی سیٹ کی جا سکتی ہے، اور عبارت کے الفاظ کو ریورس میں بھی دکھایا جا سکتا ہے۔ آئیں ان پیج میں اخباری سرخی کی تیاری کا یہ عمل دیکھتے ہیں:
ٹول بار سے ٹیکسٹ باکس ٹول منتخب کر کے ایک باکس بنائیں، اور پھر اس میں اخباری سرخی کی عبارت لکھیں۔
ان پیج میں ٹیکسٹ باکس بنا کر اس میں اخباری سرخی کی عبارت لکھیں

عبارت کے الفاظ اور حروف کی جگہ تبدیل کرنے کے لیے ان پیج میں شارٹ کٹس مہیا کیے گئے ہیں۔ مطلوبہ لفظ سلیکٹ کر کے درج ذیل شارٹ کٹس استعمال کریں۔جبکہ کسی لفظ کے شروع میں جانے کے لیے Ctrl+Right arrow شارٹ کٹ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
Ctrl+F5 سے لفظ بائیں طرف حرکت کرتا ہے۔
Ctrl+F6 سے لفظ دائیں طرف حرکت کرتا ہے۔
Ctrl+F7 سے لفظ اوپر کی طرف حرکت کرتا ہے۔
Ctrl+F8 سے لفظ نیچے کی طرف حرکت کرتا ہے۔
اخباری سرخی کے الفاظ کی سیٹنگ کریں

جب سرخی تیار ہو جائے تو پہلے مکمل عبارت سلیکٹ کریں، پھر پراپرٹی بار پر موجود رنگوں کے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے سفید رنگ منتخب کریں۔ اس کے علاوہ پراپرٹی بار پر عبارت کی سطر کی اونچائی ضرور مقرر کریں، ورنہ باکس میں سطر کے نیچے غیر ضروری فاصلہ نظر آئے گا۔
اخباری سرخی کے تمام حروف سفید کر دیں

اب ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں، اور پھر ماؤس کی مدد سے باکس سلیکٹ کر کے اس کی بیک گراؤنڈ کے لیے پراپرٹی بار سے سیاہ رنگ منتخب کریں۔
ٹیکسٹ باکس کی بیک گراؤنڈ کے لیے سیاہ رنگ مقرر کریں

Friday, July 22, 2016

ترکی: 50 ہزار نہیں، 10 ہزار گرفتاریاں ہوئیں



loading...
جیسے ہی ترکی میں فوجی بغاوت کی خبریں منظر عام پر آنا شروع ہوئیں، مغربی دنیا کے ایک بہت بڑے حلقے کی بانچھیں کھل گئیں۔ تاہم چند گھنٹوں بعد عدالت و ترقی پارٹی (اے کے پی) نے اقتدار پر دوبارہ اپنی گرفت مضبوط کی اور اگلے چند دنوں میں باغی عناصر کا قلع قمع کردیا۔
تاہم اس حوالے سے ایک طرف بغاوت کو ”ڈراما“ قرار دینے کی کوششیں کی گئیں تو دوسری جانب بغاوت کی سرکوبی کی کوششوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس وقت یہ خبریں بہت زور و شور سے جاری ہیں کہ ترکی میں باغی عناصر کی آڑ میں مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اب تک 50 ہزار سے زیادہ افراد کو مختلف محکموں سے گرفتار کیا گیا ہے جن میں فوج کے علاوہ، پولیس، عدلیہ اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد نمایاں ہیں۔ لیکن اے کے پی نے آج تمام اعداد و شمار پیش کرکے اس پروپیگنڈے کا جواب دیا ہے۔
پارٹی کے نائب چیئرمین یاسین آقتائی نے انقرہ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغاوت کی اس کوشش نے ملک بھر کے عوام کو متحد کردیا ہے۔ عوام نے ٹینکوں اور گولیوں کے مقابلے میں خود کو ڈھال بنایا اور بہت سے لوگ شہید ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 246 شہدا کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں 62 پولیس افسران اور 5 فوجی بھی شامل ہیں جبکہ ان کے علاوہ تمام عام شہری تھے۔
turkey-coup-stats
زخمیوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے یاسین آقتائی نے کہا کہ بغاوت کے دوران 2185 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 461 اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ باقی علاج گاہوں سے گھر منتقل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ہزار 410 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 287 پولیس افسران ہیں۔ عدلیہ کے 2014 اراکین اور 686 شہری بھی اب تک حراست میں لیے جاچکے ہیں۔ گرفتاری کے بعد فوری تحقیقات کی جارہی ہیں اور 4060 افراد ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتار ہوئے ہیں۔ 151 پولیس اہلکار، 2430 فوجی، 1386 جج اور وکلا اور 93 عام شہری ان گرفتار شدگان میں شامل تھے۔ اب تک 549 افراد کو کڑی نگرانی میں رکھ کر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ 220 رہا کردیے گئے ہیں۔
یاسین نے مزید بتایا کہ 5581 افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ بغاوت کے حامی 24 افراد کو زندہ حالت میں نہیں پکڑا جاسکا، بلکہ وہ مر چکے تھے جبکہ 49 زخمی صورت میں گرفتار کیے گئے۔
ترک حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے امریکا میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن کے حامیوں کی جانب سے کی گئی بغاوت کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔

Thursday, July 21, 2016

انٹرنیٹ کو بچوں کے لیے محفوظ بنائیں



انٹرنیٹ کو بچوں کے لیے محفوظ بنائیں
آج کل کمپیوٹر ہر گھر میں موجود ہے اور بچوں کا کمپیوٹر استعمال کرنا لازمی ہو چکا ہے بلکہ کمپیوٹر استعمال کرنے والے بچوں کو ذہین تصور کیا جاتا ہے۔ کمپیوٹر موجود ہو اور انٹرنیٹ نہ ہو؟ یہ تو ممکن نہیں۔ بچوں کو ذاتی کمپیوٹر فراہم کرنے والے والدین اکثر پریشان رہتے ہیں کہ کہیں ان کے بچے انٹرنیٹ کی برائیوں کا نشانہ نا بن جائیں۔ پیرینٹل کنٹرول کے ویسے تو کئی سافٹ ویئر اور ایپلی کیشنز دستیاب ہیں مثلاً
لیکن یہ کام وائی فائی راؤٹر کی کنفگریشن بدل کر بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ طریقہ کار زیادہ محفوظ ہے کہ اسمارٹ فون یا کمپیوٹر پر انٹرنیٹ پہنچنے سے پہلے ہی براہ راست محفوظ ہو جاتا ہے اور آپ کو کوئی اضافی ایپلی کیشن یا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کرنا پڑتا۔
انٹرنیٹ کو بچوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے وائی فائی راؤٹر کی DNSسیٹنگز کو بدلنا ہو گا۔ یہ کام آپ باآسانی صرف دو منٹس میں مکمل کر سکتے ہیں۔ اس کے آغاز کے لیے اپنے راؤٹر کا ویب انٹرفیس کھول لیں۔ عموماً اس انٹرفیس کو دیکھنے کے لیے براؤزر میں 192.168.0.1 یا پھر 192.168.1.1 ٹائپ کرنا ہوتا ہے۔ یہاں آپ سے لاگ اِن ہونے کا کہا جائے گا۔ عام طور پر راؤٹر کا یوزرنیم admin اور پاس ورڈ بھی admin ہوتا ہے۔اگر آپ راؤٹر کا ویب انٹرفیس نہیں دیکھ پا رہے تو راؤٹر کے ڈبے یا ڈبے میں موجود ڈاکیومنٹ دیکھیں، اس پر یہ تفصیل ضرور موجود ہوتی ہے۔
child-safe-home-router-0
راؤٹر کے ویب انٹرفیس میں آپ کو DHCP سیٹنگز میں جانا ہو گا۔ یہاں DNSکی تفصیلات موجود ہوں گی۔ آپ یہاں کوئی بھی مفت دستیاب ڈی این ایس ڈال سکتے ہیں جو خطرناک ویب سائٹس کو بلاک کرتا ہو، ایسے تین ڈی این ایس سرور دستیاب ہیں:
٭ نورٹن کنیکٹ سیف (Norton ConnectSafe)
https://dns.norton.com
٭ اوپن ڈی این ایس فیملی (OpenDNS Family)
http://www.opendns.com
٭ وائے انڈیکس فیملی (Yandex Family)
http://dns.yandex.com
child-safe-home-router-1
نورٹن کنیکٹ سیف کی بات کی جائے تو اس کا پرائمری سرور 199.85.126.30 جبکہ سیکنڈری سرور 199.85.127.30 ہے۔ اپنے راؤٹر کے ڈی این ایس میں آپ یہ ایڈریس ٹائپ کر سکتے ہیں۔ سیٹنگز کو محفوظ کرنے کے بعد راؤٹر کو ایک دفعہ ری اسٹارٹ کر لیں۔ اس کے بعد آپ کے انٹرنیٹ پر کھلنے سے پہلے تمام ویب سائٹس کا جائزہ نورٹن لے گا اور اگر وہ نقصان دہ یا بچوں کے لیے ناموزوں ہوں گی تو انھیں بلاک کر دیا جائے گا۔
child-safe-home-router-2
’’اوپن ڈی این ایس فیملی‘‘ بھی ایک اچھی سروس ہے جسے خاص طور پر خاندان اور اسکولوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ آپ اس ڈی این ایس کو بھی استعمال کر سکتے ہیں:
Primary DNS: 208.67.222.123
Secondary DNS: 208.67.220.123
Yandex Family ڈی این ایس سرورز روسی سرچ انجن کمپنی ’’وائے انڈیکس‘‘ کے ہیں۔ آپ چاہیں تو اسے بھی استعمال کر سکتے ہیں:
Primary DNS: 77.88.8.7
Secondary DNS: 77.88.8.3
child-safe-home-router-3

Tuesday, July 19, 2016

کسی بھی فون یا کمپیوٹر کو سکیوریٹی کیمرے میں بدلیں


آج کے دور میں گھر ہو یا دُکان، اسکول ہو یا آفس بلکہ گلی محلے کی حفاظت کے لیے بھی سکیوریٹی کیمرے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ سٹرک ہو یا عمارت ہر جگہ ہم سکیوریٹی کیمرے نصب ہوئے دیکھتے ہیں۔ افراتفری کے اس دور میں اگر آپ کسی چیز پر نظر نہیں رکھیں گے تو اس کے چوری ہونے کے امکان سو فیصد تک پہنچ سکے ہیں۔

اگر ہم آپ کو ایک ایسے سافٹ ویئر کے بارے میں بتائیں جو کسی بھی اسمارٹ فون، کمپیوٹر اور اسمارٹ ٹی وی کو سکیوریٹی کیمرہ بنا سکتا ہو تو کیسا رہے گا؟
یہ سافٹ ویئر ایک لائیو سکیوریٹی کیمرے کی طرز پر کام کرتا ہے جس کے ذریعے نہ صرف منظر ریکارڈ کیا جا سکتا ہے بلکہ دنیا میں کہیں بھی رہتے ہوئے اس کیمرے کا منظر لائیو دیکھا بھی جا سکتا ہے۔
AtHome-Camera-3

یہ پروگرام جس کا نام ’’ایٹ ہوم کیمرہ‘‘ (AtHome Camera)ہے بالکل مفت دستیاب ہے۔ ایٹ ہوم کیمرہ کی انسٹالیشن تھوڑی سی توجہ کی متقاضی ہے کیونکہ یہ دو حصوں میں دستیاب ہے۔ اس کا ایک ٹول ’’ایٹ ہوم وڈیو اسٹریمر‘‘ کہلاتا ہے جبکہ دوسرا ’’ایٹ ہوم کیمرہ‘‘۔ نام سے بالکل واضح ہے کہ جس ڈیوائس کو آپ کیمرہ بنانا چاہتے ہیں اس پر ’’کیمرہ‘‘ جبکہ جس پر وڈیو دیکھنا ہو اس پر ’’وڈ اسٹریمر‘‘ ٹول انسٹال کرنا ہو گا۔
آپریٹنگ سسٹم کی بات کی جائے تو یہ آئی او ایس، اینڈروئیڈ، میک او ایس اور ونڈوز کے علاوہ اسمارٹ ٹی وی کے لیے بھی دستیاب ہے۔ اس پروگرام کے
athomecamera
ذریعے آپ درج ذیل فیچرز سے مستفیض ہو سکتے ہیں:
  • کسی بھی ویب کیم کو فون پر دیکھنا
  • موشن ڈٹیکٹر
  • ریکارڈنگ کا ٹائم شیڈول کرنا
  • ای میل الرٹس
  • پی سی کو ریموٹلی کنٹرول کرنا
  • محفوظ کنکشن
  • خود کار کسی کلپ کو حذف کرنا
  • کلاؤڈ ریکارڈنگ

اس پروگرام کو استعمال کرنے کا مکمل طریقہ تفصیلی طور پر بمعہ تصاویر اس کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ اس لیے اسے استعمال کرنے سے پہلے اس کے کام کرنے کے طریقہ کار کو اچھی طرح سمجھ لیں۔