ان پیج نہ صرف ورڈ پراسیسنگ کا سافٹ ویئر ہے بلکہ یہ ایک لے آؤٹ ڈیزائن کا سافٹ ویئر بھی ہے۔ ان پیج استعمال کرتے ہوئے مختلف نوعیتوں کے لے آؤٹ ڈیزائنز با آسانی تیار کیے جا سکتے ہیں۔ اس ٹٹوریل میں شادی کا ایک دعوت نامہ تیار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے جو ٹولز استعمال کیے گئے ہیں ان میں Text Box ٹول نمایاں ہے جس کی مدد سے پہلے صفحہ پر حسب ضرورت مختلف ڈبے بنا کر ایک لے آؤٹ تیار کیا گیا ہے۔ اور پھر ان ڈبوں میں عنوانات اور دیگر عبارتیں لکھ کر شادی کارڈ تیار کیا گیا ہے۔ البتہ شادی کارڈ میں لوگوں اور جگہ کے فرضی نام استعمال کیے گئے ہیں۔
- ٹول بار سے Text Box والا ٹول منتخب کر کے صفحہ پر حسب ضرورت ڈبے بنائیں، تاکہ انہیں مختلف عنوانات اور عبارتوں کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
- کوئی بھی ڈبہ بنانے کے بعد اگر آپ اس کا سائز تبدیل کرنا چاہیں تو پہلے Select ٹول منتخب کر کے مطلوبہ ڈبے پر کلک کریں، پھر سلیکشن کے نشانات کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر ڈبے کا سائز تبدیل کر لیں۔
ٹول بار سے Hand ٹول منتخب کریں اور پھر ہر ڈبے میں مطلوبہ عبارت لکھیں۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اوپر پراپرٹی بار پر موجود فونٹ اور فونٹ سائز وغیرہ آپشنز کو استعمال کرتے ہوئے ڈبوں میں مختلف عنوانات اور عبارتیں لکھی گئی ہیں۔
اگر کسی ڈبے کی عبارت کو آپ ریورس دکھانا چاہیں، یعنی سیاہ بیک گراؤنڈ پر سفید لکھائی دکھانا چاہیں، تو اس کے لیے پہلے Select ٹول منتخب کر کے ڈبے پر کلک کریں۔ پھر اوپر پراپرٹی بار پر موجود بیک گراؤنڈ کے رنگ والے خانے سے سیاہ رنگ منتخب کر لیں۔
اب Hand ٹول منتخب کر کے ڈبے میں موجود لکھائی کو سلیکٹ کریں، پھر پراپرٹی بار پر موجود لکھائی کے رنگ والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے سفید رنگ منتخب کرلیں۔ ایسا کرنے سے سیاہ بیک گراؤنڈ پر سفید لکھائی نظر آئے گی۔
اب ٹول بار سے Rectangle ٹول منتخب کر کے ڈبوں کے گرد گول کناروں والے باکسز بنائیں، تاکہ یہ عبارتیں اچھی نظر آئیں۔ پراپرٹی بار پر موجود آپشن کی مدد سے کناروں کی گولائی کی مقدار بتائی کی جا سکتی ہے۔
آخر میں ٹول بار سے Line ٹول منتخب کر کے حسب ضرورت مختلف جگہوں پر عبارتوں کی خوبصورتی کے لیے لائنیں لگائیں۔
جب پرنٹنگ پریس سے یہ شادی کارڈ چھپے گا تو امید ہے کہ اچھا نظر آئے گا۔
No comments:
Post a Comment