Monday, August 15, 2016

کسی بھی ڈاکومنٹ کو PDF فائل میں تبدیل کریں

PDF ایک مقبول فائل فارمیٹ ہے جسے عموماً‌ فائل شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ چونکہ تقریباً‌ ہر کمپیوٹر (ڈیسک ٹاپ، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، سمارٹ فون وغیرہ) پر پی ڈی ایف فائل پڑھنے کے لیے ریڈر سافٹ ویئر پہلے سے موجود ہوتا ہے، اس لیے کسی کو اصل سافٹ ویئر کی فائل بھیجنے کی بجائے پی ڈی ایف فائل بھیجی جائے تو اس بات کا زیادہ امکان ہوتا ہے کہ مطلوبہ شخص اس فائل سے استفادہ کر سکے گا۔ اس مقصد کے لیے بہت سے PDF Converter دستیاب ہیں جو کمپیوٹر پر ایک Printer ڈرائیور کے طور پر انسٹال ہوتے ہیں۔ یعنی آپ کسی بھی سافٹ ویئر سے اس پرنٹر پر پرنٹ کر کے مطلوبہ فائل کو پی ڈی ایف میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

www.cutepdf.com سے درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔
کیوٹ پی ڈی ایف کی ویب سائٹ سے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کریں

CuteWriter کی انسٹالیشن کے دوران درج ذیل ڈائیلاگ باکس ظاہر ہونے پر Yes بٹن پر کلک کریں۔
کیوٹ پی ڈی ایف سافٹ ویئر کے لیے درکار اضافی سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کریں

مطلوبہ ڈاکومنٹ کو پرنٹ کرنے کے لیے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
مطلوبہ ڈاکومنٹ کو پرنٹ کرنے کے لیے ڈائیلاگ باکس کھولیں

پرنٹ ڈائیلاگ باکس میں CutePDF Writer کو بطور پرنٹر منتخب کریں۔ اور پھر OK بٹن پر کلک کر دیں۔
پرنٹ ڈائیلاگ باکس میں کیوٹ پی ڈی ایف رائٹر کو بطور پرنٹر منتخب کریں، اور پھر ڈاکومنٹ پرنٹ کر دیں

درج ذیل ڈائیلاگ باکس ظاہر ہونے پر مطلوبہ PDF فائل کے لیے نام مہیا کریں۔
سامنے آنے والے ڈائیلاگ باکس میں مطلوبہ پی ڈی ایف فائل کا نام مہیا کریں

درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ وہ پی ڈی ایف فائل دیکھ سکتے ہیں جسے کیوٹ پی ڈی ایف کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
انپیج کی فائل پی ڈی ایف میں تبدیل ہونے کے بعد
Tags: 

Saturday, August 13, 2016

Inpage میں سند تیار کریں

دینی اداروں میں طلبہ و طالبات کو امتحانات میں کامیابی کے نتیجے میں جو اسناد دی جاتی ہیں وہ بہت خوبصورت ہوتی ہیں۔ خطاط حضرات نے بڑی مہارت سے مختلف عربی رسم الخط استعمال کرتے ہوئے ان سندوں کے عنوانات اور عبارتیں لکھی ہوتی ہیں۔ خاص طور پر عنوانات کے خم دار جسامت کے حامل الفاظ دیکھنے میں بہت بھلے معلوم ہوتے ہیں۔ آج کے دور میں ایسے خطاط حضرات کی تعداد کچھ زیادہ نہیں ہے کہ وہ تمام اداروں کی ضروریات پوری کر سکیں۔ لیکن خوش قسمتی سے خطاطی کے بہت سے رسم الخط کمپیوٹر فونٹس کی شکل میں سامنے آچکے ہیں۔ چنانچہ اس ٹٹوریل کا مقصد یہ ہے کہ وہ ادارے جنہیں ایسے عرق ریز خطاط کی خدمات میسر نہیں ہیں، کم از کم وہ اپنی ضرورت پوری کر سکیں۔ اس ٹٹوریل میں Inpage استعمال کرتے ہوئے ایک سادہ لیکن با مقصد سند تیار کی گئی ہے۔
سند کی ان پیج فائل اس ٹٹوریل کے آخر میں مہیا کی گئی ہے جسے حسب ضرورت استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نئی فائل بنانے کے لیے ان پیج کا File مینیو کھول کر New پر کلک کریں۔ ڈائیلاگ باکس ظاہر ہونے پر صفحے کا لے آؤٹ Landscape منتخب کریں۔ اور صفحے کی عبارت کے اردگرد خالی جگہ کے لیے Margins مقرر کریں۔
ان پیج کی نئی فائل بنائیں اور اس کا لے آؤٹ لینڈ اسکیپ رکھیں

درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سند کی عبارت لکھ لی گئی ہے۔
  1. بسم اللہ کا فونٹ Diwani مقرر کیا گیا ہے۔
  2. شھادۃ حضور کا فونٹ Aseer مقرر کیا گیا ہے۔
  3. الدورۃ التدریبیہ کا فونٹ Akram مقرر کیا گیا ہے۔ الفاظ کی لمبائی کے لیے تطویل کا نشان استعمال کیا گیا ہے۔
  4. سند کی عبارت کا فونٹ Trad Arabic Bold مقرر کیا گیا ہے۔
  5. آخر میں Text Box ٹول کی مدد سے تین خانے بنائے گئے ہیں جن میں تاریخ، دستخط اور مہر وغیرہ کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں۔
سند کی عبارت لکھیں اور مختلف فونٹ استعمال کرتے ہوئے اسے فارمیٹ کریں

اب ہم سند کے گرد ایک بارڈر بنائیں گے۔ اس کے لیے پہلے View مینیو میں موجود Snap To Guides آپشن غیر فعال کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ صفحہ پر بارڈر کو با آسانی ادھر ادھر حرکت دی جا سکے گی۔
ویو مینیو میں سنیپ ٹو گائیڈز کا آپشن غیر فعال کریں

درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
  1. ٹول بار میں موجود Box ٹول کی مدد سے سند کے گرد بارڈر لگائیں۔
  2. پھر Pick ٹول منتخب کر کے ماؤس کے ساتھ بارڈر سلیکٹ کریں۔
  3. اب اوپر آپشن بار میں موجود آپشنز کی مدد سے بارڈر کی موٹائی اور اس کا اسٹائل مقرر کریں۔
  4. آپ دیکھ رہے ہیں کہ بارڈر کے تمام اطراف میں باریک نشانات ہیں۔ ماؤس کے ساتھ ان نشانات کو پکڑ کر بارڈر کا سائز کم یا زیادہ کیا جا سکتا ہے۔
عبارت کے گرد بارڈر لگائیں اور اوپر آپشن بار میں بارڈر کی موٹائی اور اسٹائل سیٹ کریں

درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ بارڈر کی خوبصورتی کے لیے ایک علامت استعمال کی جا رہی ہے۔ اسی طرح بارڈر کے تمام کونوں پر یہ علامت یا اپنی مرضی کی کوئی علامت استعمال کریں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
  1. ٹول بار سے Text Box ٹول منتخب کر کے بارڈر کے کونے پر ایک خانہ بنائیں۔
  2. اب ٹول بار سے Hand ٹول منتخب کریں۔
  3. اور پھر فونٹ کے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے Zakharif فونٹ منتخب کر کے باکس میں مطلوبہ علامت لکھیں۔
  4. علامت کے لیے آپ کو بہت بڑا فونٹ سائز منتخب کرنا ہوگا۔
بارڈر کے کونوں میں ذخارف فونٹ کی علامات استعمال کریں

سند تیار ہے۔ اس سند کو حسب ضرورت Image فائل میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے، اور PDF فائل میں بھی۔
سند تیار ہونے کے بعد
Categories:

Friday, August 12, 2016

Inpage میں بلٹس اور نمبرز والی فہرست بنائیں

میرے پاس Inpage 2000 ہے اور میرے خیال میں اس وقت بھی ان پیج کا یہی ورژن زیادہ تر لوگوں کے زیر استعمال ہے۔ ان پیج کے تمام مینیوز بار بار دیکھنے کے باوجود مجھے کہیں بھی Bullets and Numbering والا آپشن نظر نہیں آیا جو کہ ورڈ پراسیسنگ کے ہر سافٹ ویئر میں موجود ہوتا ہے۔ چنانچہ میں نے Indentation استعمال کرتے ہوئے ایسی فہرست تیار کی ہے جس کے لیے بلٹس یا نمبرز خود مہیا کرنا پڑتے ہیں۔ لیکن عبارت کے دائیں طرف موجود فاصلے کی وجہ سے یہ فہرست دیکھنے میں ویسے ہی نظر آتی ہے جیسا کہ اس کے لیے بلٹس اینڈ نمبرنگ والا آپشن استعمال کیا گیا ہو۔
پراپرٹی بار پر موجود اس بٹن پر کلک کریں جس کی مدد سے عبارت کے دائیں اور بائیں فاصلہ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
ان پیج کی آپشن بار پر وہ بٹن کلک کریں جس کے ذریعے عبارت کی انڈینٹیشن مقرر کی جا سکتی ہے

درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پیراگراف کی پہلی لائن کے شروع میں 0.15- انچ کا فاصلہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عبارت کے دائیں طرف 0.15 انچ کا فاصلہ مقرر کیا گیا ہے۔
عبارت کی پہلی لائن اور دائیں طرف کی انڈینٹیشن مقرر کریں

پہلی لائن کے شروع میں فاصلہ چونکہ منفی میں ہے اس لیے پہلی لائن تھوڑی سی پیچھے ہٹی ہوئی ہے۔ عبارت کے شروع میں جو نمبر موجود ہے وہ میں نے خود لکھا ہے، اور اس نمبر کے بعد ایک Tab کا فاصلہ استعمال کیا ہے۔ ان پیج میں ایک ستارے کا نشان بھی مہیا کیا گیا ہے جسے بلٹس کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
عبارت انڈینٹیشن کے بعد

یہ کوئی ایسا با سہولت طریقہ نہیں ہے، لیکن اگر ایسی فہرست بنانا اشد ضروری ہو تو یہ طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ (یا ممکن ہے ایسی فہرست کا طریقہ ان پیج کے کسی دوسرے آپشن کے تحت موجود ہو جس کا میں سراغ نہیں لگا سکا)۔

Wednesday, August 10, 2016

Inpage میں کی بورڈ کے بٹنوں کی ترتیب تبدیل کریں

Inpage میں کام کرتے ہوئے بعض اوقات آپ چاہتے ہیں کہ کی بورڈ کے کچھ بٹن تبدیل کیے جائیں، مثلاً یہ کہ ش کا حرف Shift+c دبانے سے نہیں بلکہ Shift+s دبانے سے لکھا جائے۔ اردو حروف کو انگلش بٹنوں کے ساتھ ٹائپ کرنے کے لیے ان پیج کے اندر کی بورڈ تبدیل کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ یعنی کونسا اردو حرف کس انگلش بٹن دبانے سے لکھا جائے، یہ آپ اپنی مرضی سے سیٹ کر سکتے ہیں۔ آئیں تصاویر کی مدد سے اس کا طریقہ دیکھتے ہیں۔
درج ذیل تصویر کی مدد سے وہ ڈائیلاگ باکس کھولیں جس میں سے Keyboard Layout منتخب کیا جا سکتا ہے:

Inpage Screenshot - Edit > Preferences > Keyboard Preferences

درج ذیل تصویر کی مدد سے ڈائیلاگ باکس میں موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے User Defined Keyboard منتخب کریں، جس کے بٹن حسب منشا تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔
Inpage Screenshot - Select and Click "User Defined Keyboard"

درج ذیل تصویر میں جو ڈائیلاگ باکس آپ دیکھ رہے ہیں یہ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نیچے والے حصے میں وہ تمام حروف اور علامات موجود ہیں جو ان پیج کے اندر استعمال کے لیے دستیاب ہیں۔ جبکہ اوپر والا حصہ یہ بتاتا ہے کہ کی بورڈ پر کونسا انگلش بٹن دبانے سے کونسا اردو حرف لکھا جائے گا۔ ان بٹنوں کو حسب ضرورت تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے آپ نیچے والے حصے میں موجود کسی بھی اردو حرف یا علامت کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر اوپر والے حصے میں کسی انگلش بٹن کے اوپر چھوڑ دیں۔ اگر آپ اردو کا کوئی حرف انگلش کے بڑے حرف (Capital letter) پر رکھیں گے تو یہ حرف Shift بٹن کے ساتھ دبانے سے لکھا جائے گا۔ یعنی مہیا کی گئی تصویر کے مطابق ’’د‘‘ کا حرف کی بورڈ پر صرف d دبانے سے لکھا جائے گا، جبکہ ’’ڈ‘‘ کا حرف Shift+d دبانے سے لکھا جائے گا۔ جب آپ کی بورڈ کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھال لیں تو Save بٹن پر کلک کر کے یہ کی بورڈ لے آؤٹ محفوظ کر لیں۔ اب آپ Inpage کے اندر ٹائپنگ کر کے تسلی کر لیں کہ اُردو کے حروف آپ کی مرضی کے انگلش بٹنوں کے ساتھ لکھے جا رہے ہیں۔
Inpage Screenshot - Drag Urdu letters to desired English buttons

نوٹ: چونکہ اردو حروف کی تعداد انگلش حروف سے زیادہ ہے، اس لیے اردو کے جو حروف انگلش کے 26 بٹنوں سے زائد ہوتے ہیں، انہیں Shift بٹن کے ساتھ لکھا جاتا ہے۔

Tuesday, August 9, 2016

Inpage میں اخباری سرخی بنائیں

اخبارات میں سرخیوں کے الفاظ کی ترتیب خاص طور پر سیٹ کی جاتی ہے تاکہ کم جگہ پر زیادہ الفاظ کھپائے جا سکیں۔ الفاظ کا آپس میں فاصلہ بہت کم ہوتا ہے، اور حروف کو ایک دوسرے کے اوپر اس طرح سیٹ کیا جاتا ہے کہ کوئی جگہ خالی نہ رہے۔ اخبارات کی بہت سی چھوٹی سرخیاں ایسی ہوتی ہیں جن کی عبارت پر آؤٹ لائن کا ایفیکٹ نہیں لگایا جاتا، بلکہ انہیں صرف ریورس کرنے پر ہی اکتفا کیا جاتا ہے۔ یعنی سیاہ یا سرمئی بیک گراؤنڈ پر سفید الفاظ لکھے جاتے ہیں۔
Inpage میں ایسی اخباری سرخیاں بنانے کی سہولت موجود ہے۔ ان پیج میں اخباری سرخی کی طرح عبارت کی ترتیب بھی سیٹ کی جا سکتی ہے، اور عبارت کے الفاظ کو ریورس میں بھی دکھایا جا سکتا ہے۔ آئیں ان پیج میں اخباری سرخی کی تیاری کا یہ عمل دیکھتے ہیں:
ٹول بار سے ٹیکسٹ باکس ٹول منتخب کر کے ایک باکس بنائیں، اور پھر اس میں اخباری سرخی کی عبارت لکھیں۔
ان پیج میں ٹیکسٹ باکس بنا کر اس میں اخباری سرخی کی عبارت لکھیں

عبارت کے الفاظ اور حروف کی جگہ تبدیل کرنے کے لیے ان پیج میں شارٹ کٹس مہیا کیے گئے ہیں۔ مطلوبہ لفظ سلیکٹ کر کے درج ذیل شارٹ کٹس استعمال کریں۔جبکہ کسی لفظ کے شروع میں جانے کے لیے Ctrl+Right arrow شارٹ کٹ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
Ctrl+F5 سے لفظ بائیں طرف حرکت کرتا ہے۔
Ctrl+F6 سے لفظ دائیں طرف حرکت کرتا ہے۔
Ctrl+F7 سے لفظ اوپر کی طرف حرکت کرتا ہے۔
Ctrl+F8 سے لفظ نیچے کی طرف حرکت کرتا ہے۔
اخباری سرخی کے الفاظ کی سیٹنگ کریں

جب سرخی تیار ہو جائے تو پہلے مکمل عبارت سلیکٹ کریں، پھر پراپرٹی بار پر موجود رنگوں کے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے سفید رنگ منتخب کریں۔ اس کے علاوہ پراپرٹی بار پر عبارت کی سطر کی اونچائی ضرور مقرر کریں، ورنہ باکس میں سطر کے نیچے غیر ضروری فاصلہ نظر آئے گا۔
اخباری سرخی کے تمام حروف سفید کر دیں

اب ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں، اور پھر ماؤس کی مدد سے باکس سلیکٹ کر کے اس کی بیک گراؤنڈ کے لیے پراپرٹی بار سے سیاہ رنگ منتخب کریں۔
ٹیکسٹ باکس کی بیک گراؤنڈ کے لیے سیاہ رنگ مقرر کریں

Friday, July 22, 2016

ترکی: 50 ہزار نہیں، 10 ہزار گرفتاریاں ہوئیں



loading...
جیسے ہی ترکی میں فوجی بغاوت کی خبریں منظر عام پر آنا شروع ہوئیں، مغربی دنیا کے ایک بہت بڑے حلقے کی بانچھیں کھل گئیں۔ تاہم چند گھنٹوں بعد عدالت و ترقی پارٹی (اے کے پی) نے اقتدار پر دوبارہ اپنی گرفت مضبوط کی اور اگلے چند دنوں میں باغی عناصر کا قلع قمع کردیا۔
تاہم اس حوالے سے ایک طرف بغاوت کو ”ڈراما“ قرار دینے کی کوششیں کی گئیں تو دوسری جانب بغاوت کی سرکوبی کی کوششوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس وقت یہ خبریں بہت زور و شور سے جاری ہیں کہ ترکی میں باغی عناصر کی آڑ میں مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اب تک 50 ہزار سے زیادہ افراد کو مختلف محکموں سے گرفتار کیا گیا ہے جن میں فوج کے علاوہ، پولیس، عدلیہ اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد نمایاں ہیں۔ لیکن اے کے پی نے آج تمام اعداد و شمار پیش کرکے اس پروپیگنڈے کا جواب دیا ہے۔
پارٹی کے نائب چیئرمین یاسین آقتائی نے انقرہ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغاوت کی اس کوشش نے ملک بھر کے عوام کو متحد کردیا ہے۔ عوام نے ٹینکوں اور گولیوں کے مقابلے میں خود کو ڈھال بنایا اور بہت سے لوگ شہید ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 246 شہدا کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں 62 پولیس افسران اور 5 فوجی بھی شامل ہیں جبکہ ان کے علاوہ تمام عام شہری تھے۔
turkey-coup-stats
زخمیوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے یاسین آقتائی نے کہا کہ بغاوت کے دوران 2185 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 461 اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ باقی علاج گاہوں سے گھر منتقل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ہزار 410 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 287 پولیس افسران ہیں۔ عدلیہ کے 2014 اراکین اور 686 شہری بھی اب تک حراست میں لیے جاچکے ہیں۔ گرفتاری کے بعد فوری تحقیقات کی جارہی ہیں اور 4060 افراد ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتار ہوئے ہیں۔ 151 پولیس اہلکار، 2430 فوجی، 1386 جج اور وکلا اور 93 عام شہری ان گرفتار شدگان میں شامل تھے۔ اب تک 549 افراد کو کڑی نگرانی میں رکھ کر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ 220 رہا کردیے گئے ہیں۔
یاسین نے مزید بتایا کہ 5581 افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ بغاوت کے حامی 24 افراد کو زندہ حالت میں نہیں پکڑا جاسکا، بلکہ وہ مر چکے تھے جبکہ 49 زخمی صورت میں گرفتار کیے گئے۔
ترک حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے امریکا میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن کے حامیوں کی جانب سے کی گئی بغاوت کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔