Thursday, August 25, 2016

Inpage میں عبارت اور انڈر لائن کے درمیان فاصلہ مقرر کریں

ان پیج پروگرام میں لکھی گئی ایسی عبارتیں وقتاً‌ فوقتاً‌ دیکھنے کو ملتی رہتی ہیں جن میں کچھ الفاظ کے نیچے انڈر لائن کا ایفیکٹ استعمال کیا گیا ہوتا ہے۔ زیادہ تر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ انڈر لائن نے الفاظ کے نقطوں کو چھپایا ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان پیج میں عبارت اور انڈر لائن کے درمیان ڈیفالٹ فاصلہ کم ہے، جس کے نتیجے میں یہ انڈر لائن بعض اوقات عبارت کے نچلے حصے کو کاٹتی ہوئی نظر آتی ہے۔ لیکن خوش قسمتی سے ان پیج میں حسب ضرورت یہ فاصلہ بڑھانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ عبارت اور انڈر لائن کے درمیان فاصلہ صرف ایک فائل کے لیے بھی مقرر کیا جا سکتا ہے، اور اس فاصلے کو ان پیج کی ڈیفالٹ سیٹنگ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ایک نمونے کی عبارت کے نیچے انڈر لائن لگائی گئی ہے۔
انپیج میں نمونے کی عبارت جس کے نیچے انڈر لائن استعمال کی گئی ہے

Edit مینیو کھولیں، پھر اس میں Preferences مینیو کے تحت موجود Typographic آپشن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
انپیج کے ایڈٹ مینیو میں سے پریفرینسز مینیو کھولیں، پھر اس میں سے ٹائیپوگرافک ڈائیلاگ باکس کھولیں

اس ڈائیلاگ باکس میں Underline والے حصے میں موجود Shift آپشن کی ویلیو بڑھا دیں۔ جبکہ Width آپشن کی مدد سے انڈر لائن کی موٹائی مقرر کی جا سکتی ہے۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آئندہ بننے والی ان پیج کی فائلوں میں انڈر لائن کے لیے یہی فاصلہ مقرر ہو، تو پھر Save As Default بٹن پر کلک کریں۔ ورنہ صرف OK بٹن پر کلک کر دیں۔
انپیج کے ٹائیپوگرافک ڈائیلاگ باکس میں عبارت اور انڈر لائن کے درمیان فاصلہ مقرر کریں

درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈر لائن اب عبارت کے نقطوں کے اوپر نہیں ہے بلکہ تھوڑا سا نیچے ہے۔
عبارت اور انڈر لائن کے درمیان فاصلہ بڑھانے کے بعد
Categories: 

No comments:

Post a Comment