Friday, August 26, 2016

Inpage میں کالمز کیسے بنائیں؟

Inpage میں کالمز بنانا بہت آسان ہے، اس کے لیے صرف تھوڑے سے حساب کتاب کی ضرورت پیش آتی ہے۔ عموماً‌ دیکھا گیا ہے کہ چھوٹے سائز کی کتاب کا مواد جب پروف ریڈنگ کے لیے پرنٹ کیا جاتا ہے تو صفحہ کے اردگرد بہت سی خالی جگہ کے باعث کافی صفحات ضائع ہو جاتے ہیں۔ اور اگر کتاب کا مواد عارضی طور پر پورے صفحہ پر پھیلا دیا جائے تو پھر کتاب کی حقیقی شکل مصنف کے سامنے نہیں آتی۔ جبکہ صفحات کو درمیان سے کاٹ کر پرنٹر میں ڈالنا بھی ایک اضافی کام محسوس ہوتا ہے۔ چنانچہ ایسی صورت حال میں ان پیج کی کالمز بنانے کی سہولت استعمال کی جا سکتی ہے، یعنی کاغذ کے ایک صفحہ پر کتاب کے دو صفحات پرنٹ کیے جا سکتے ہیں۔

پہلے Preferences مینیو کے تحت Document آپشن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔ اس میں General ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے پیمائش کے یونٹ کے طور پر Inches منتخب کریں۔ ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ پرنٹ ہونے والے صفحہ کے اعتبار سے کالمز کا سائز بنانے میں آسانی ہو۔
ان پیج ڈاکومنٹ کے لیے پیمائش کا یونٹ انچ مقرر کریں

File مینیو میں سے New آپشن پر کلک کر کے نئی فائل بنانے والا ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
ان پیج کی نئی فائل بنانے والا ڈائیلاگ باکس کھولیں

اگر کتاب کے قابل طباعت صفحہ کا سائز 4x7 انچ ہے، تو A4 سائز کے Landscape صفحہ پر کتاب کے دو صفحات پرنٹ کیے جا سکتے ہیں، یعنی:
  1. A4 سائز کے Landscape صفحہ کی چوڑائی 11.693 انچ ہوتی ہے، اس میں سے دو کالمز کے 8 انچ نکال دیں تو باقی 3.693 انچ بچتے ہیں۔ اس نمبر کو اگر آپ تین حصوں میں تقسیم کریں تو جواب 1.231 ا نچ آئے گا۔ یہ نمبر آپ صفحہ کے Right-margin، کالمز کے درمیان Gutter، اور صفحہ کے Left-margin کے طور پر استعمال کریں گے۔
  2. اسی طرح A4 سائز کے Landscape صفحہ کی اونچائی 8.268 انچ ہوتی ہے، اس میں سے عبارت کے 7 انچ نکال دیں تو باقی 1.268 بچتے ہیں۔ اس نمبر کو اگر آپ دو حصوں میں تقسیم کریں تو جواب 0.634 آئے گا۔ یہ نمبر آپ صفحہ کے Top-margin اور صفحہ کے Bottom-margin کے طور پر استعمال کریں گے۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق اس ڈائیلاگ باکس میں Columns کی تعداد 2 مقرر کریں۔ Orientation کے تحت Landscape آپشن منتخب کریں۔ اور پھر صفحہ کے دائیں، کالمز کے درمیان، اور صفحہ کے بائیں 1.231 انچ خالی جگہ متعین کریں۔ جبکہ صفحہ کے اوپر اور نیچے 0.634 انچ خالی جگہ متعین کریں۔ ان خالی جگہوں کو متعین کرنے کے بعد بچنے والی جگہیں در اصل 4x7 انچ کے 2 کالمز ہیں جن میں ڈاکومنٹ کی عبارت موجود ہوگی۔
نئی فائل بنانے والے ڈائیلاگ باکس میں کالمز کی تعداد اور ان کا سائز متعین کریں

یعنی صفحہ کے Right، کالمز کے درمیان Gutter، اور صفحہ کے Left پر خالی جگہیں متعین کرنے سے دو کالمز بن جائیں گے، اور ہر کالم کی چوڑائی 4 انچ ہوگی۔
کالمز کی پیمائش چوڑائی میں

اسی طرح صفحہ کے Top، اور صفحہ کے Bottom پر خالی جگہیں متعین کرنے سے کالمز کی اونچائی 7 انچ مقرر ہو جائے گی۔
کالمز کی پیمائش اونچائی میں
Categories: 

No comments:

Post a Comment